نئی دہلی10نومبر(آئی این ایس انڈیا؍ایس او نیوز) نائب صدرجمہوریہ ہندایم وینکیانائیڈونے کہاہے کہ ہندوستان ہمیشہ سے دنیا میں امن اور عدم تشدد کی آوازرہاہے۔وینکیانائیڈوفرانس کے شہر پیرس میں واقع یونیسکو میں ہندوستانی برادری سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پرسفیر ہند متعینہ فرانس ونے موہن کواترا اور دیگر سرکردہ شخصیات بھی موجودتھیں۔جناب وینکیا نائیڈو نے امن کو ترقی کی پیشگی شرط قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ آج کی ایک دوسرے پر انحصار کرنے والی دنیا میں ترقی صرف گفتگو اور مفاہمت سے ہی حاصل کی جاسکتی ہے۔اس موقع پرجناب وینکیا نائیڈو نے فرانس میں سائنس و ٹکنالوجی، صنعت ، زراعت، فنون، ثقافت، حکمرانی یا سیاست کے میدان میں ہندوستانی برادری کی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی یہ خدمات فرانس کے لئے جہاں وہ مقیم ہیں کہ ساتھ ساتھ ان کے اپنے وطن حقیقی کے لئے بھی باعث افتخار ہیں۔ نائب صدر موصوف نے مزید کہا کہ ہندوستانی برادری کی کامیابیاں ہندوستان کے لیے انتہائی باعث و فخر انبساط ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک آباد ہندوستانی برادری سے بات کرتے ہوئے ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے کسی ابھرتے ہوئے لیکن مضبوطی کے ساتھ ایک دوسرے سے جڑے یوئے کنبے سے بات کی جارہی ہو۔ ہند نژاد افراد اور بیرون ملک آباد ہندوستانی افراد نے فرانس کی عوامی زندگی کے متعدد میدانوں میں قابل قدر خدمات انجام دی ہیں اور آج فرانس کی پارلیمنٹ کے ساتھ ساتھ یوروپین پارلیمنٹ میں بھی ہند نڑاد افراد بحیثیت اراکین پارلیمان شامل ہیں۔وینکیا نائیڈو نے حاضرین کو فرانس کے ساتھ باہمی طور سے افزودہ قدیمی رابطوں کی یاد دلاتے ہوئے کہا کہ آنجہانی رویندر ناتھ ٹیگور کے دانشورانہ اثرات نے فرانس کے مفکرین ، میڈم بھیکا جی کاما اور جے آر ڈی ٹاٹا جیسے ہندوستانی اکابرین کو انتہائی متاثر کیا تھا۔ یہ وہ شخصیات ہیں جن کے روابط قبل آزادی کے ہندوستان کی تاریخ میں بھی فرانس کے ساتھ استوار تھے۔یہ کہتے ہوئے کہ ہندوستان کے علمی نقشے میں مثبت تبدیلیاں پیدا کرنا سرکار کا مضبوط اصلاحی ایجنڈا ہے، جناب وینکیا نائیڈو نے کہا کہ ہندوستان کی ہونہار اور امید افزا کہانی رفتہ رفتہ سامنے آرہی ہے اور یہ بھی ایک ایسے وقت میں رہا ہے جب کہ اس خطے کے کچھ حصوں سمیت باقی ماندہ دنیا کساد بازاری کی مصیبت میں مبتلا ہے۔انہوں نے کہا کہ گڈس اینڈ سروسز ٹیکس (جی ایس ٹی) کا نفاذ اپنے آپ میں ایک ایسا قدم تھا جس نے ہمارے موثر اور فعال قومی بازار پر لاتعداد اثرات مرتب کئے اور اب ہندوستان میں ترقی کے لئے کاروبار قائم کرنے کا عمل آسان ہوگیا ہے۔وینکیا نائیڈو نے ہندوستانی برادری کو دعوت دی کہ وہ ہندوستان آکر نئے ہندوستان کی تشکیل میں عملی طور سے شرکت کریں۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں سازگار ماحول اور سرمایہ کاری کے مواقع اور جدت طرازی کا بھرپور فائدہ اٹھایا جانا چاہے۔ یہ وقت اپنی جڑوں سے، اپنی بنیادوں سے جڑنے کے لئے بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔اس موقع پر نائب صدر موصوف نے بین الاقوامی شمسی اتحاد کے ذریعہ صاف ستھری توانائی کے استعمال کے فروغ میں ہندوستان اور فرانس کی مشترکہ کوششوں کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہند۔ فرانس ترقیاتی شراکت داری ہمارے دونوں ملکوں کی معیشتوں کے لئے اور بالخصوص اسمارٹ شہر کاری اور ٹرانسپورٹ کے میدان میں فائدہ مند رہی ہے۔ اس سے پہلے نائب صدر جمہوریہ موصوف نے یونیسکو کی ڈائرکٹر جنرل محترمہ آدرے ازولے سے گفتگو کے دوران انہیں 2030 تک پائیدار ترقی کے ایجنڈے کے حصول بالخصوص تعلیم سمیت تمام میدانوں میں پائیدار ترقی کے حصول کے لئے ہندوستان کی کوششوں کے بارے میں تفصیل سے واقف کرایا۔ اس موقع پر ان دونوں اکابرین نے تعلیم تک رسائی ، درس و تدریس کے عمل میں بہتری اور اساتذہ کی ترقی کے پروگراموں، تعلیمی منصوبہ بندی کو مستحکم کئے جانے ، اس کے انتظام و انصرام اور نگرانی کے نظام میں بہتری پیدا کرنے کے میدان میں انفارمیشن اور کمیونی کیشن ٹکنالوجی کے استعمال سے متعلق امور پر گفتگو کی۔واضح ہوکہ نائب صدر جمہوریہ ہند جناب ایم وینکیا نائیڈو، پہلی جنگ عظیم کی صد سالہ تقریب میں شرکت کی غرض سے فرانس آئے ہیں۔وہ ‘آرک دی ٹریونفے’ کے عالمی اجتماع میں بھی شرکت کریں گے اور پہلی جنگ عظیم کے شہیدوں کو خراج عقیدت بھی پیش کریں گے۔وینکیا نائیڈو فرانس کے شہر پیرس میں اپنے قیام کے دوران ویلرس گوئسلین میں واقع ہندوستانی مسلح افواج کی یادگار انجن آرمڈ فورسز میموریل پر جنگ عظیم میں شہید ہونے والے ہزاروں ہندوستانی فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کریں گے جن کی بہادری اور سچی لگن کا پوری دنیا میں اعتراف کیا گیا ہے۔یاد رہے کہ جناب وینکیا نائیڈو کا موجودہ دورہ فرانس اس لئے بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے کہ ان کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب ہندوستان اور فرانس اس سال اپنی حکمتی شراکت داری کی 20 سالہ یادگاری تقریبات منا رہے ہیں۔